خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان،ہرنائی میں کوئلےکی کان میں دھماکہ، تین کان کن جاں بحق

ہرنائی (آئی این پی ) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلہ کان میں حادثے میں تین کان کن جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کوئٹہ میں انسپیکٹوریٹ آف مائنز کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع کے علاقے شاہرگ میں پاکستان منرل ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی ) کے کان پیش آیا۔ اس کان میں مزدور کام کررہے تھے کہ اس کے اندر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں تین کان کن جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں نکالا گیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے کان کنوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع سوات سے ہے۔ اہلکار نے بتایا کہ کان میں پیش آنے والے حادثے کے بارے میں تحقیقات کا حکم دیا گیا ۔ تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق یہ دھماکہ گیس بھر جانے کی وجہ سے ہوا۔ اس سے قبل 24جولائی کو بھی اس کان میں حادثہ پیش آیا تھا جس میں تین کان کن جاں بحق ہوئے تھے۔