خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان؛ ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کا معاہدہ طے پاگیا

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں پائیدار ترقی کے لئے ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کا معاہدہ طے پاگیا۔ پیر کو یونیورسل سروس فنڈ اور یو فون کے درمیان معاہدے کی تقریب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمن بھی شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انوشہ رحمن نے کہا کہ آواران اور لسبیلہ کے علاقوں کو تھری جی سروس فراہم کی جائے گی۔ فاٹا کے علاقوں میں بھی جلد ہی سروسز فراہم کی جائیں گی جن علاقوں میں سروسز موجود نہیں وہاں ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ دو لاکھ کی پسماندہ آبادی میں تقریباً 270 موضعات میں سروس فراہم کی جائے گی۔ ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی فراہمی کے لئے دو ارب روپے سے زیادہ خرچ کئے جائیں گے۔ ٹیلی کمیونیکیشن سروسز منصوبہ دو سال میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت اسلام آباد کے 107سکولوں میں کمپیوٹر لیب بنائی جارہی ہے مائیکرو سافٹ کے ماہرین اساتذہ کو تربیت فراہم کریں گے۔ (ن غ)