خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان:ینگ ڈاکٹرزکا تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کیخلاف احتجاج

کوئٹہ:(اے پی پی) کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز نے تنخواہوں اور الاونسز میں اضافہ نہ ہونے کے خلاف ریلی نکالی ،پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جس سے دس ڈاکٹر زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بیس ڈاکٹر گرفتار کرلئے، ڈاکٹروں نے احتجاجاً اسپتالوں میں او پی ڈیز بند کردیں ۔ ینگ ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات کے حق میں سول اسپتال سے ریلی نکالی جو جناح روڈ سے ہوتی ہوئی جب ٹی اینڈ ٹی چوک پہنچی تو پولیس نے آگے بڑھنے سے روک دیا۔ ڈاکٹروں نے رکاوٹیں ہٹا کر زبردستی بلوچستان اسمبلی کی طرف جانا چاہا تو پولیس نے آنسوگیس کے شیل فائر کئے اور لاٹھی چارج شروع کردیا جس سے دس ڈاکٹر زخمی ہوگئے۔ پولیس کی کارروائی کے خلاف ڈاکٹروں نے سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیز کا بائیکاٹ کردیا، ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کے صدر حفیظ مندوخیل نے کہا پولیس نے ڈاکٹروں سے دہشتگروں جیسا سلوک کیا۔ ینگ ڈاکٹروں نے پولیس تشدد کے خلاف جمعے کو صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے،واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری نے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی اڑتالیس گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی ینگ ڈاکٹرز نے کمیٹی مسترد کرکے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کردیا۔