خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان: اشرف مگسی پر فرد جرم عائد

کوئٹہ:(آئی این پی) بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں بے ضابطگیوں اور غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں گرفتار اشرف مگسی اور ان کے دو ساتھیوں پر احتساب عدالت نے فرد جرم عائد کر دی ، ملزمان کا صحت جرم سے انکار ۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج عبدالمجید ناصر نے کی ۔ سماعت کے دوران سابق چیئرمین اشرف مگسی اور اس کے دو ساتھیوں ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالوحید اور ڈپٹی ڈائریکٹر سیکریسی نیاز کاکڑ عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کی ، ملزمان پر دوران تعیناتی اختیارات کا غلط استعمال ، بے ضابطگیوں اور غیر قانونی بھرتیوں سمیت 12 الزامات لگائے گئے ہیں تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا جس کے بعد اشرف مگسی کیس کی سماعت 21 جون تک ملتوی ہو گئی ۔ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے گرفتار سابق چیئرمین اشرف مگسی نے اپنی دو بیٹیوں اور ایک قریبی رشتہ دار کو جعلی ڈگری پر 17 گریڈ کی پوسٹ پر تعینات کیا تھا جبکہ اشرف مگسی پر اپنے ایک بیٹے کو بھی جعلسازی سے سکیشن افسر کی پوسٹ دینے کا الزام ہے اس کے علاوہ ملزم نے کروڑوں روپے لیکر درجنوں لوگوں کو پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں کامیاب قرار دیا ۔