خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان بھر میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا:انوارالحق کاکڑ

کوئٹہ :(اے پی پی)ترجمان حکومت بلوچستان انوارالحق کاکڑ نے لاہور کے علاقہ گلشن اقبال پارک میں دہشت گردی کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بے گناہ اور معصوم لوگوں کی شہادت پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں نمایا ں کمی آئی ہے مگردہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن وامان کے قیام کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث عناصر کو جلد عوام کے تعاون سے کیفرکردار تک پہنچائے گے،انھوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو ’’اے پی پی ‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ لاہور میں دلخراش واقعے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی خصوصی ہدایت پر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور مساجد ،امام بارگاہوں ،گرجاگھروں تفریح مقامات سمیت تعلیمی اداروں اور حساس مقامات پر پولیس ،لیویز اور فرنٹیئر کور کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور اس ضمن میں پولیس کی گشت بڑھانے اور اسنیپ چیکنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے لاہور واقعے میں جاں بحق افراد کی اہل خانہ سے تعزیتی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے ۔