خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان: دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی”را”ملوث ہے، ثنااللہ زہری

کوئٹہ(آئی این پی )وزیراعلی بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے کہاہے کہ میرے پاس شواہد موجود ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ‘‘را’’ ملوث ہے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے نواب ثنااللہ زہری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ‘‘را’’ ملوث ہے جس کے شواہد موجود ہیں جب کہ وزیراعظم اور دفتر خارجہ سے اس حوالے سے ملاقات کروں گا اور شواہد پیش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کاررائیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کے بار بار شواہد دے رہا ہوں اور پرسوں بھی وزیرداخلہ کو شواہد دئیے، ہم کبوتر کی طرح آنکھیں بند کر کے نہیں بیٹھیں گے بلکہ ان کا مقابلہ کریں گے۔ وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے پہلے ہمارے وکیل کو قتل کیا پھر خودکش حملہ آور نے اسپتال میں خود کو اڑایا، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اب وہ سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا رہے ہیں، ان کا کوئی دین مذہب نہیں جنگ کے دوران بھی اسپتالوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آج بھی عوام اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں، پہلے بھی عوام کو تحفظ دیا آئندہ بھی دیں گے، اس طرح کی حرکتوں سے عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔