خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان: مستونگ میں باپ اوربیٹےسمیت تین سکیورٹی اہلکارجاں بحق

مستونگ: (آئی این پی ) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں تین سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل تھے جو کہ باپ بیٹا تھے۔ انھیں نامعلوم مسلح افراد نے مستونگ شہر میں نشانہ بنایا۔ مستونگ پولیس کے ایک اہلکار نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سب انسپکٹر عبد اللہ اور ان کابیٹا کانسٹیبل گل حسن ڈیوٹی کے بعد تھانے سے گھر کے لیے نکلے تھے کہ راستے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دونوں جاں بحق ہوگئے۔ مستونگ ہی کے نواحی علاقے کنڈاؤ میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویز فورس کے ایک اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔مستونگ انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ لیویز فورس کے اہلکار کو اس علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے نشانہ بنایا۔ انتظامیہ کے ذرائع نے ابتدائی معلومات کے حوالے سے ان کو ٹارگٹ کلنگ کے واقعات قرار دیا۔