خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے،گوادربہت جلد بندرگاہ بنے گا:وزیراعظم

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر تیزی سے عمل پیرا ہے، بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے، انشاء اللہ گوادر بہت جلد جدید صنعتی بندرگاہ بنے گا اور بلوچستان کی عوام خوشحال ہو گی جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کیلئے وزیراعظم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور بلوچستان میں امن کیلئے وفاقی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے ملاقات کی جس میں ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے بلوچستان کو سب سے زیادہ فائدہ ہو گا اور بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، بلوچستان میں عوام کی سماجی و معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے پر تیزی سے عمل پیرا ہے، انشاء اللہ گوادر بہت جلد جدید صنعتی بندرگاہ بنے گا، جس سے بلوچستان کی عوام خوشحال ہو گی، بلوچستان کی عوام کو با اختیار بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری نے کہا کہ بلوچستان کو دوسرے صوبوں کے برابر لا رہے ہیں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے وزیراعظم کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، وزیراعظم کی جانب سے کوئٹہ میں ترقیاتی منصوبے خوش آئند ہیں، بلوچستان میں خوشحالی و امن کیلئے وفاقی حکومت کے شکرگزار ہیں۔(اح)