خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان میگا کرپشن کیس

کوئٹہ: (ملت+آئی این پی )احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج عبدالمجید ناصر نے بلوچستان میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق احمد رئیسانی کی پلی بارگین سے متعلق نیب کی جانب سے دائر درخواست کو اعتراضات لگا کر واپس کردیا۔اس سلسلے میں گزشتہ روز مقدمے کے تفتیشی آفیسر اور نیب کے آفیسر افضل حریفال عدالت میں پیش ہوئے تو نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر نے درخواست سے متعلق دلائل دئیے تاہم عدالت کے جج نے درخواست پر اعتراضات لگا کر اسے واپس کردیا۔واضح رہے کہ نیب بلوچستان کی جانب سے مشتا ق احمد رئیسانی کی حوالے سے پلی بارگین کی درخواست 31دسمبر 2016ء کو عدالت ہذا سامنے پیش کی گئی تھی جس پر عدالت نے تفتیشی آفیسر اور پراسیکیوٹر سے اس حوالے سے ریکارڈ طلب کیاتھا گزشتہ روز پراسیکیوٹر اور تفتیشی آفیسر عدالت میں پیش ہوئے تاہم درخواست کو اعتراضات لگا کر واپس کردیاگیا۔