خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان میں بارشیں، ندی نالوں میں طغیانی، سڑکیں بہہ گئیں،3افراد جاں بحق

کوئٹہ(اے پی پی)شمالی بلوچستان میں شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور رابطہ سڑکیں بہہ گئیں، چمن کے قریب پاک افغان سرحدی گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سےایک شخص جاں بحق اور8 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ سیلابی ریلے میں بہہ کر دو بچے بھی جاں بحق ہوئے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، پشین،زیارت، چمن اور ژوب کے کئی دیہات میں سیلاب کی سی صورتحال ہے۔ لیویز ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحدی گاؤں جلال الدین میں آسمانی بجلی گرنےسے ایک شخص جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے جبکہ گاؤں بازمحمد میں2 بچے سیلابی ریلےمیں بہہ گئے، سیلابی پانی نے 50 سے زائد کچےمکانوں اور اسکول سمیت دیگر عمارتوں کو نقصان پہنچایا ہے، بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی رابطہ سڑکیں برساتی ریلوں میں بہہ گئی ہیں، بے گھر ہونے والے درجنوں متاثرین کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔ خیبرپختونخوا کے شہروں میں دن کےوقت بادلوں کا راج رہتاہے، ادھر سندھ اور پنجاب کےعلاقوں میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہتا ہے جبکہ رات میں ہلکی خنکی ہوجاتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان،خیبر پختونخوا،پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے ۔