خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان میں دہشتگردی :9 تنظیمیں، 3ممالک کی انٹیلی جنس ملوث

بلوچستان:(آئی این پی) بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں9 مقامی اور بین الاقوامی تنظیمیں ملوث ہیں ،پڑوسی ممالک کی 3 انٹیلی جنس ایجنسیز کی کارروائیوں کی رپورٹس بھی سامنے آتی رہی ہیں- بلوچستان میں دہشت گردی کی حالیہ لہرتقریباً 12 سال سے جاری ہے ،اس میں 9 مختلف مقامی و بین الاقوامی دہشت گرد تنظیمیں ملوث ہیں، جن میں لشکر جھنگوی ، القاعدہ ، تحریک طالبان پاکستان ، جند اللہ ، جماعت الاحرار ، افغان طالبان ، بلوچستان لبریشن آرمی، بلوچستان لبریشن فرنٹ اور بلوچستان ری پبلکن آرمی شامل ہیں ۔ ان تنظیموں سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد پکڑے بھی جاتے رہے جن میں سب سے زیادہ القاعدہ ، لشکر جھنگوی اور تحریک طالبان پاکستان کے تھے۔ بلوچستان میں افغان طالبان کی موجودگی کی اطلاعات رواں سال جون میں اس وقت حقیقت ثابت ہوئیں جب افغان طالبان کے سربراہ ملا منصور کونوشکی میں امریکی ڈرون کا نشانہ بنایا گیا ۔ کالعدم تنظیم جند اللہ نے بھی ایک عرصے تک بلوچستان کو اپنا مرکز بنائے رکھا۔ جماعت الاحرار کے زیادہ تر ٹھکانے پاک افغان سرحد پر ہیں،بلوچستان میں مسلح علیحدگی پسند گروپ بلوچستان لبریشن آرمی ، بلوچستان ری پبلکن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ کے نام سے کام کرتے ہیں۔ بلوچستان میں مختلف پڑوسی ملکوں کی انٹیلی جینس ایجنسیاں بھی متحرک رہی ہیں۔رواں سال مارچ میں بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کلبھوشن سنگھ یادیو کو بھی گرفتار کیا گیا ۔ایران اور پڑوسی ملک افغانستان کی انٹیلے جنس ایجنسیز کے افسران بھی بلوچستان سے گرفتار ہوچکے ہیں۔