خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان میں شدید برفباری

کوئٹہ: (ملت+اے پی پی) بلوچستان میں شدید برفباری نے معمولات زندگی منجمد کر دئیے ، کئی شہروں کے زمینی رابطے کٹ گئے ، متاثرہ شاہراہوں پر ایمرجنسی سنٹر قائم کر دئیے گئے ، شہریوں کو کوئٹہ سے کراچی ، سبی اور زیارت سمیت کئی شہروں کے لئے سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ۔ بلوچستان میں برفباری شروع ہوئی تو ہوتی ہی چلی گئی ۔ ٹھٹھراتی ہواؤں اور آسمان سے گرتے گالوں نے معمولات زندگی بھی منجمد کر دئیے ۔ کوئٹہ میں ایک فٹ اور مختلف علاقوں میں 4 سے 5 فٹ پڑنے والی برف نے بلوچستان میں برفباری کا 8 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا ۔ شدید برفباری کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔ متعدد علاقوں میں گیس اور بجلی کی عدم دستیابی نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں ۔ بلوچستان میں کئی مقامات پر بر ف باری کے باعث سڑکیں بند ہو گئی ہیں جس کے بعد ان علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔ شہریوں کو کوئٹہ سے کراچی ، سبی ، زیارت اور قلعہ سیف اللہ سمیت کئی شہروں کے لئے سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔ تفتان سے کوئٹہ آنے والی ٹریفک کو نوشکی اور سبی کی ٹریفک کو ڈھاڈر میں روکنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ کوئٹہ سمیت ہر ضلع میں کنٹرول روم اور ایمرجنسی سینٹرز قائم کر دئیے گئے ہیں جہاں خوراک ، کمبل ، دودھ اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔