خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان میں فورسز کے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک، 11 گرفتار

بلوچستان میں فورسز کے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک، 11 گرفتار

کوئٹہ:(ملت آن لائن) آئی ایس پی آر کے مطابق ردالفساد کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ 11 کو گرفتار کرلیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے کے مطابق ملک بھر میں جاری رد الفساد کے تحت ایف سی بلوچستان نے صوبے کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کوئٹہ، شیرازئی، سبی اور کاہان کے علاقوں میں کئے گئے۔ کارروائی کے دوران ایک دہشت گردی ہلاک جب کہ 11 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران آر پی جی راکٹس، سب مشین گنز اور مائنز سمیت اسلحہ و دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
…………………..
اس خبر کو بھی پڑھیے…. قومی ترقی کے لیے خواتین کی تعلیم ناگزیر ہے، صدر مملکت

کراچی (ملت آن لائن)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قومی ترقی کے لیے خواتین کی تعلیم ناگزیر ہے، طالبات اپنی دلچسپی کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کریں،بعض گمراہ عناصر نے بدامنی پیدا کرکے کراچی کو بہت نقصان پہنچایا لیکن حکومت کی درست حکمت عملی اور بروقت اقدامات کے نتیجے میں کراچی میں امن بحال ہوچکا، اب اس شہراور پاکستان کی ترقی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، ملک کی سمت درست ہے، حکومت کی کارکردگی سے بہتری پیدا ہوئی۔صدر مملکت نے یہ بات مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے قائم کیے ہوئے خاتون پاکستان گرلز اسکول کے دورے کے موقع پرکہی جہاں انھیں اسکول میں جاری تدریسی عمل اور اس میں بہتری لانے کے سلسلے میں زندگی ٹرسٹ کی خدمات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر زندگی ٹرسٹ کے سربراہ شہزاد رائے ، وفاق اور سندھ کے اعلیٰ حکام کے علاوہ کراچی کے مخیر حضرات بھی موجود تھے۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ ملک میں مسائل اور پریشانی کے واقعات ہوتے رہتے ہیں ، ان سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ، موجودہ حالات میں بھی بہت جلد بہتری آجائے گی اور ملک ترقی کے راستے پر گامزن رہے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ تعلیم کے بغیر ممکن نہیں،ماضی میں تعلیم سمیت بہت سے شعبے نظر انداز ہوئے جبکہ نیشنلائزیشن سے بھی کئی قسم کے مسائل پیدا ہوئے۔انھوں نے کہا کہ اس صورت حال سے نکلنے کے لیے نجی شعبہ تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے جبکہ زندگی ٹرسٹ اور اس کے سربراہ شہزاد رائے نے بھی اس سلسلے میں قابل قدر کام کیا ہیجس کی تقلید کرکے نجی شعبہ بھی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ گھوسٹ اسکولوں سے تعلیم کی شرح میں کمی واقع ہوئی۔ موجودہ حکومت گھوسٹ اسکولوں کو ختم کرکے تعلیم کے فروغ کی پالیسی پر کاربند ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے خواتین کی تعلیم ناگزیر ہے جبکہ پرائمری تعلیم کا شعبہ مکمل طور پر خواتین کے پاس ہونا چاہئے وزارت تعلیم اس منصوبے پر کام کررہی ہے۔ انھوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ اپنی دلچسپی کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کریں، اس مقصد کے لیے بیرون ملک بھی جانا پڑے تو ضرور جائیں لیکن اس دوران وہ پاکستانی اقدار کا ضرورخیال رکھیں کیونکہ اجنبی تہذیبوں کی اندھی تقلید سنگین معاشرتی مسائل پیدا کرتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کراچی فراخ دل لوگوں کا شہر ہے، خیر کے کاموں کے لیے سب سے زیادہ چیریٹی کرتا ہے ، اس شہر کے تاجروں اور صنعت کاروں نے عوامی فلاح و بہبود کے بڑے بڑے منصوبے مکمل کیے ہیں جو قابل ستائش ہیں۔صدر مملکت نے اس موقع پر اسکول کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور اس ادارے کے طریقہ تعلیم کے بارے میں سوالات کیے۔ صدر مملکت اس موقع پر مختلف کلاس رومز میں بھی گئے اور بچیوں سے بات چیت کی۔ انھوں نے بچو ں کو نصیحت کی کہ وہ پاکستا ن کی ترقی کے جذبے کے تحت زیادہ محنت سے تعلیم حاصل کریں۔ صدر ممنون حسین نے اس موقع پر مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی تحریر کیے اور اسکول کی بچیوں کو تحائف پیش کیے۔