خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان کی ترقی مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے: نواز شریف

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے‘ پاک چین اقتصادی راہداری سے بلوچستان کے عوام کو فائدہ ہوگا‘ ہمارا مقصد بلوچستان کو ملک کے دوسرے حصوں کے برابر لانا ہے‘ گوادر ایک جدید بندر گاہ اور شہر بنے گا جس سے روزگار کے وسائل پیدا ہونگے اور غربت کا خاتمہ ہوگا۔ پیر کو وزیراعظم میاں نواز شریف سے یہاں وزیراعظم ہاؤس میں سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے ملاقات کی جس میں ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری سے بلوچستان کو بے پناہ فائدہ ہوگا یہاں پر اقتصادی راہ داری منصوبے سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بلوچستان کو ملک کے دوسرے حصوں کے برابر لانا ہے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ ہماری تمام تر توجہ معاشی استحکام پر ہے جس کے نتیجے میں بلوچستان کے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوسکے تاکہ وہ ملکی خوشحالی اور ترقی کے سفر میں ہم قدم ہوسکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ گوادر کو جدید بندرگاہ اور شہر بنائیں گے جس سے وہاں کے باسیوں کیلئے ترقی کے مواقع پیدا ہونگے اور ان مواقعوں کے نتیجے میں وہاں پر غربت کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ ہماری تمام کوششیں شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ہیں تاکہ وہ ملکی اور اپنی ترقی کے لئے ہر رکاوٹ کا خاتمہ کرسکیں۔ اس موقع پر سینیٹر میر حاصل بزنجو نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں بلوچستان میں امن و استحکام کے لئے انقلابی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں اقدامات سے بلوچستان میں امن و استحکام آیا اور ترقیاتی منصوبے عوام کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے۔ میر حاصل بزنجو نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے وزیراعظم میاں نواز شریف کے جوڈیشل کمیشن بنانے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے بلوچستان میں وسیع ترقیاتی منصوبوں کے لئے وزیراعظم کی قیادت پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں سے بلوچوں کی زندگی میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔ (ن غ)