خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان کی ترقی پیپلزپارٹی کی بنیادی ترجیح ہے

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیادی ترجیح ہے،بینظیر بھٹو شہید کے فلسفے کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے آغاز حقوقِ بلوچستان پروگرام دیا تھا۔ وہ بدھ کو پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنما میر چنگیز خان جمالی، میر جعفر خان جمالی، میر عبداللہ جمالی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے بدھ کے روز زرداری ہاؤس اسلام آباد میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ سابق صدر نے کہا کہ بلوچستان میں امن اور وہاں کے لوگوں کے بنیادی حقوق فراہم کرنا ریاست کی ذمے داری ہے۔ سابق صدر نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کو منظم کریں تاکہ آئندہ انتخابات جیت کر بلوچستان میں بھی پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہو۔