خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان کےشہرچمن سےسینیئرڈاکٹراغوا

کوئٹہ:(اے پی پی) صوبہ بلوچستان کے افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن سے ایک سینیئرڈاکٹرکو اغوا،مغوی ڈاکٹرغلام محمد چمن میں ریلوے اسپتال میں کام کر رہے تھے. چمن میں پولیس حکام نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر غلام محمد کو چمن اسپتال کے باہر سے نامعلوم افراد نے گن پوائنٹ پر اغوا کیا. پولیس کا کہنا تھاکہ اغوا کاروں کی تعداد چھ تھی جوڈاکٹر کو اغوا کرنے کے بعد ایک گاڑی میں نامعلوم مقام کی جانب لے گئے. گزشتہ روز اغوا ہونے والے ڈاکٹر غلام محمد ریلوے اسپتال چمن کے انچارج تھے اور وہ وہاں طویل عرصے سے کام کررہے تھے. تاہم ڈاکٹر کو اغوا کرنے کے محرکات اب تک معلوم نہیں ہوسکے. چمن سے جون کے مہینے میں بھی تاجروں کے اغوا کے واقعات پیش آئے تھے جس کے خلاف تاجروں نے کوئٹہ چمن شاہراہ کو بھی بند کیا تھا. اس سے قبل رواں سال مئی میں بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں نے صوبے میں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا- پولیس حکام کے مطابق ڈاکٹر کے اغوا کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں.