خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان کے حالات ہمارا پڑوسی ملک بھارت خراب کررہا ہے:ثناء اللہ زہری

کوئٹہ(آئی این پی )وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات ہمارا پڑوسی ملک بھارت خراب کر رہا ہے،بھارتی نیوی کے حاضر افسر کلبھوشن کی گرفتاری بلوچستان کے حالات خراب کرنے کا ثبوت ہے،براہمداغ بگٹی نے چند ٹکوں کی خاطر مودی کو سلام پیش کیا،ہم تو اپنے شہیدوں کے ساتھ غداری نہیں کرسکتے نہ ہی کریں گے۔جمعرات کووزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں پڑوسی ملک ملوث ہے،پڑوسی ملک بھارت بلوچستان کے حالات خراب کر رہا ہے،بھارتی نیوی کے حاضر افسر کو گرفتار کیا گیا ہے،کلبھوشن کی گرفتاری حالات خراب کرنے کا ثبوت ہے۔ثنا اللہ زہری نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ پر ہم ابھی تک سوگ میں ہیں کیونکہ نہتے اور بے گناہ وکلاء کو شہید کیا گیا ہے،سانحہ کوئٹہ میں بھارتی ایجنسی ’’ را‘‘ ملوث ہے،براہمداغ بگٹی نے چند ٹکوں کی خاطر مودی کو سلام پیش کیا،ہم نے اپنے شہیدوں کے ساتھ غداری نہیں کی اور نہ ہی کریں گے،نام نہاد قوم پرست بلوچستان میں خون کی ندیاں بہانا چاہتے ہیں اور مودی صاحب آپ نے برہان وانی کو شہید کرایا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایک فیصد بھی علیحدگی پسند نہیں ہے،بلوچستان کے عوام مودی کا جو یار ہے غدار ہے غدار کا نعرہ لگارہے ہیں۔بلوچستان سے متعلق مودی کا بیان میرے بیان کی تائید کرتا ہے،غریب خاندانوں کو فنڈنگ کرکے ملک کیخلاف استعمال کیا گیا ہے،بلوچستان کے عوام کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ ملکی محبت میں باہر نکلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو ان کے بلوں سے نکال کر کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔مقبوضہ کشمیر کی پوری عوام علیحدگی پسند ہے اور آزادی چاہتی ہے،کشمیری حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ہمارے آباؤ اجداد بھی ایک ہزار فیصد پاکستان کے ساتھ تھے کیونکہ ہم بلوچستان کے وارث ہیں،بلوچستان ہمارا صوبہ ہے۔نواب ثناء اللہ زہری نے دہشتگردی مردہ آباد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگوائے۔نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ نریندر مودی کے ایجنڈے کو بلوچستان میں کوئی حمایت حاصل نہیں ہے۔(خ م)