خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں ریلوے ٹریک پر دھماکا، ایک شخص زخمی

بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں ریلوے ٹریک پر دھماکا، ایک شخص زخمی

بلوچستان:(ملت آن لائن)صوبہ بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا جبکہ بولان میل کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔ پولیس کے مطابق نصیر آباد میں منگولی کے مقام پر ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ دھماکے کی وجہ سے کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل ایکسپریس کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں اور دھماکے سے 4 فٹ تک ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد اپ اینڈ ڈاون ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے ٹریک پر دھماکا دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی ہے، فوری کارروائی کرنے پرایف سی اور صوبائی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے صوبائی انتظامیہ اوراعلیٰ ایف سی حکام سےرابطے میں ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان نے ڈیرہ مراد جمالی میں منگولی ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے کریکر دھماکے کے بعد ریلوے ٹریک کو کلیئر کردیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ایف سی کی نگرانی میں مسافروں کو جائے حادثہ سے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔