خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کیخلاف احتجاج

کوئٹہ:(اے پی پی) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بلوچستان سے متعلق بیان کے خلاف کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں شہریوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔ بلوچستان کے شہری بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ کوئٹہ سمیت چاغی، چمن ، خضدار اور دیگر شہروں میں عوام کی جانب سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ آل پارٹیز کے زیر اہتمام دالبندین میں ریلی نکالی گئی جب کہ شرکا ریلی نے نریندر مودی کے پتلے اور بھارتی پرچم نذر آتش کئے اور شرکا نے پاک فوج کے حق میں نعرے بھی بلند کئےاسی طرح بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں بھی شہریوں کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کے بیان کی شدید مذمت کی گئی اور انہوں نے بھارتی وزیراعظم کے بیان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کے پتلے اوربھارتی پرچم نذر آتش کئے۔ چمن میں بھی شہریوں کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کے بلوچستان سے متعلق بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ حال ہی میں اپنے بیان میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ کشمیرکی موجودہ صورتحال کی وجہ سرحد پار پاکستان سے ہونے والی دہشت گردی ہے اور اب پاکستان کو بھی بلوچستان اورآزاد کشمیر میں مبینہ زیادتیوں کے لیے دنیا کے سامنے جواب دینا ہوگا۔