خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان ہائیکورٹ:محمود خان اچکزئی کیخلاف آئینی درخواست مسترد

کوئٹہ:(اے پی پی) پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کے خلاف آئینی درخواست بلوچستان ہائی کورٹ نے مسترد کردی، خدائے دوست کاکڑ اور اجمل کاکڑ نے ان کے خلاف مقدمہ چلانے کی درخواست دی تھی۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد نور مسکان زئی اور جسٹس اعجاز خان سواتی پر مشتمل ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کے خلاف پاکستان ورکزر پارٹی نظریاتی کے صدر خدائے دوست کاکڑ اور پشین کے شہری اجمل کاکڑ کی جانب سے آئینی درخواست کو مدعیان اور وکلاء کی عدم پیروی کی وجہ سے مسترد کردیا ۔ محمود خان اچکزئی کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں آئین درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ انہوں نے خیبر پختونخوا کو اپنے بیان میں افغانستان کا حصہ قرار دیا تھا درخواست میں محمود خان اچکزئی کے خلاف مقدمہ چلانے کی استدعا کی گئی تھی ۔