خبرنامہ بلوچستان

تحریک انصاف کی پاک فوج کےحق میں ریلی

ڈیر ہ مرادجمالی۔: (اے پی پی )پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈرون حملوں کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں ڈیرہ مرادجمالی میں ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، ریلی کے شرکاء نے امریکہ کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نصیرآباد کے زیراہتمام پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما میر سنجرخان جمالی کی قیادت میں جمالی ہاوس ڈیرہ مرادجمالی سے نکالی گئی ریلی کے شرکاء بس اڈہ،ڈی سی چوک ،سے ہوتی ہوئی شہید بے نظیر بھٹو پریس کلب پہنچی جہاں پر ریلی کے شرکاء نے مظاہرہ کیا، مظاہرین نے پاک فوج کے حق میں اور بلوچستان میں ڈرون حملہ کرنے پرامریکہ کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے رہے ریلی کے شرکاء نے پاکستان پرچم اورپی ٹی آئی کے جھنڈے اٹھارکھے تھے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے میر سنجرخان جمالی،کامریڈقربان منگی ، امتیا ز احمد ،جہانگررند ،منظوراحمد ، جہا نز یب جمالی ،ڈاکڑممتاز مگسی نے کہاکہ پاکستان کی عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں ڈرون حملہ کرناملکی سالمیت کے خلاف ہے کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لئے ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔