خبرنامہ بلوچستان

تمام امور و معاملات میں برابر کے شریک ہیں: محمد خان اچکزئی

کوئٹہ (ملت + آئی این پی) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ جدید عہد کے شعور کے مطابق عورت اور مرد سماجی و اقتصادی ترقی میں مساوی حصہ رکھتے ہیں اور تمام امور و معاملات میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں کہا ہے کہ خواتین کی شرکت کے بغیر ترقی اور خوشحال کا حصول بیحد مشکل ہے گورنر نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو عزت و احترام سے دیکھا جاتا ہے اور خواتین پر ہاتھ اٹھانا ہماری قومی روایات اور اسلامی اقدار کے منافی ہے بلوچستان میں خواتین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہاں کی عورتوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں مگر کم وسائل اور مواقع کا فقدان ان کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ رفتہ رفتہ یہاں بھی خواتین تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں جو ایک خوش آئند عمل ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کواتین مختلف شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ خدمات سرانجام دے رہی ہیں گورنر نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ملک اور صوبے میں دیہات میں رہنے والی خواتین میں تعلیم کا تناسب بہت کم ہے جس میں اضافہ کرنے کی اشد ضرورت ہے آخر میں انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ہماری خواتین معاشرتی اور قومی اقدار کے اندر رہتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی کیلئے کردار ادا کرتی رہیں گی۔