خبرنامہ بلوچستان

تمام سرکاری محکمے اپنی کاکردگی کو بہتر بناکر عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دیں:ڈپٹی کمشنرعصمت اللہ

ہرنائی :(اے پی پی)ہرنائی ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ نے چارج سنبھالنے کے بعد تمام ضلعی محکموں کے آفیسران کا تعارفی اجلاس طلب کیا۔ جس میں ضلع ہرنائی کے تمام ضلعی محکموں کے سربراہان نے تعارفی اجلاس میں شرکت کی اور اپنے محکموں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ کو بریفنگ دی اور آفیسران نے تعارف بھی کرایا۔ ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی آفیسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے محکموں کی کاکردگی بہتر بنانے اور عوامی خدمت پر مامور کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرکے عوامی مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع ہرنائی ہم سب کا مشترکہ گھر ہے جسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور عوامی مسائل حل کرکے انہیں تمام تر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو تمام تر بنیادی سہولتیں انکی دہلز پر پہنچائے جس کیلئے حکومت کی جانب سے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور ہمیں بھی چاہے کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ تمام سہولتیں عوام تک پہنچائیں ۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں تعلیمی اداروں ، ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال سمیت مراکز صحت کی فعالیت کیلئے متعلقہ محکموں کو بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ضلع ہرنائی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو معیاری بنانے کیلئے تعمیراتی کام کے دوران نگرانی کریں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تعمیر ممکن ہوسکے اور عوام زیادہ سے زیادہ ترقیاتی منصوبوں سے استفادہ حاصل کرسکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ضلع ہرنائی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی نگرانی کی جائے گی اور کسی بھی ترقیاتی منصوبے میں غفلت لاپرواہی یا ناقص میٹریل استعمال کرنے کی صورت میں متعلقہ محکمے اور کنٹریکٹر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا جبکہ سرکاری محکموں کی کارکردگی اور تمام محکموں کے آفیسران اور عملے کی حاضری چیک کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کی ماینٹرنگ کی جائے گی اور کسی بھی ادارے میں غیر حاضر اور فرائض میں غفلت برتنے والے آفیسران اور ملازمین کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ اب وہ دور نہیں کہ سرکاری ملازمین گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کریں بلکہ اب جو ایمانداری سے کام سرانجام دے گا اسے تنخواہ ملے گی، گھر بیٹھے تنخواہین لینے کا دور چلا گیا ہے۔ انہوں نے ضلعی آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام محکمے عوام کے اجتماعی اور جائز مسائل حل کرنے اور اپنے فرائض ایمانداری سرانجام دیں۔