خبرنامہ بلوچستان

جمہوریت کا استحکام عوام کے ذریعے منتخب ہونے والی حکومت پر عائد ہوتی ہے: خان اچکزئی

کوئٹہ (ملت + اے پی پی)گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جمہوریت کا استحکام اور مضبوطی عوام کے ذریعے منتخب ہونے والی حکومت پر عائد ہوتی ہے‘ پاکستان کا آئین ہر شہری کو ووٹ دینے، امیدوار بننے اور انتخابی عمل میں شرکت کا ضامن ہے‘ اس ضمن میں انتخابی عمل اور اظہار رائے کے لئے ووٹ کا حق استعمال کرنے کی جمہوری روایات کو مستحکم بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز صوبائی الیکشن کمشنر سید سلطان بایزید سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے صوبائی الیکشن کمشنر پر زوردیا کہ عوام بالخصوص خواتین، اقلیتوں اور معذور افراد میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ معاشرے کی عظیم اکثریت کی تمام سیاسی اور سماجی سرگرمیوں میں شرکت اور شمولیت یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شعوروآگہی کی اشد ضرورت ہے جس سے عوام میں حق رائے دہی کے درست استعمال کے ساتھ ساتھ جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے گورنر بلوچستان کو 7دسمبر 2016ء کو آنے والے ووٹرز ڈے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ قومی ووٹرز ڈے کی مناسبت سے ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد کرائیں گے۔ گورنر بلوچستان نے صوبائی الیکشن کمیشن کے اس عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے عوام کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں مدد ملے گی جس کے نتیجے میں صوبہ میں ٹرن آؤٹ میں اضافہ ہوگا۔