خبرنامہ بلوچستان

حب کینال ٹوٹ پھوٹ کا شکار

کراچی: (ملت+اے پی پی) شہر قائد کے باسیوں کیلئے ضروری اطلاع یہ ہے کہ حب ڈیم سے شہر کو پانی کی ترسیل کبھی بھی معطل ہو سکتی ہے کیونکہ خستہ حال حب کینال درجنوں مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ حب ڈیم سے منگھو پیر پمپنگ سٹیشن تک 29 کلو میٹر طویل کینال میں شگاف ہونے کا خدشہ ہے۔ واٹر بورڈ حکام بھی اعتراف کرتے ہیں کہ کینال ناقابل استعمال ہو گئی ہے، ایسے میں پانی کی فراہمی کیلئے متبادل منصوبہ ضروری ہے 33 سال پرانی حب کینال کو واپڈا نے تعمیر کیا تھا۔ 2002ء میں جب کینال کو واٹر بورڈ کے سپرد کیا گیا۔ کینال سے ضلع غربی کو یومیہ ساڑھے 9 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ 20 دسمبر کو بھی اسی کینال میں 200 فٹ چوڑا شگاف پڑا تھا جس کی مرمت حال ہی میں مکمل کی گئی ہے۔