خبرنامہ بلوچستان

حمیدآباد،پولیس کی کارروائی مختلف جرائم میں مطلوب 36ملزمان گرفتار،اسلحہ برآمد

حمیدآباد (ملت + آئی این پی) ایس ایچ او عبدالمجید آرائیں ڈیرہ مراد جمالی صدر پولیس تھانہ کی کارکردگیمختلف جرائم میں مطلوب 36ملزمان گرفتار کئے اوران ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔جبکہ لہڑی بگٹی تنازعہ میں ملوث ایک ملزم کو بھی پکڑلیا،مزید روپوش ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ مرادجمالی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے اب کسی کے ساتھ کسی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی۔مختلف جرائم میں مطلوب درجنوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔وہ منگل کو پولیس تھانہ صدر ڈیرہ مراد جمالی میں میڈیا سے بات کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ جب سے میں نے صدر پولیس تھانہ ڈیرہ مراد جمالی کا چارج سنبھالا ہے ۔ڈیرہ مراد جمالی میں جرائم اور مختلف وارداتوں میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے انتہائی سنگین وارداتوں میں ملوث روپوش ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ میری ٹیم نے اس وقت 36 ملزمان پکڑے ہیں ۔جن کی تفصیل کچھ اس طرح ہے کہ قتل کی وارداتوں میں مطلوب 8 ملزمان،اقدام قتل میں ملوث 5،چوری اور ڈکیتی میں ملوث 7،لڑائی جھگڑوں میں ملوث 10،منشیات میں 2،اغوا اک ایک ملزم اور اسلحہ اور دیگر غیر قانونی ہتھیاروں کے استعمال میں ملوث 4ملزمان گرفتارکر لئے ہیں ۔اس کے علاوہ گوٹھ جمعہ خان میں بگٹی اور لہڑی قبائل کے تصادم کا ایک ملزم بھی ہم نے گرفتار کرلیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ امن وامان کی بہتری کے لئے پولیس مزید کوشاں ہے۔