خبرنامہ بلوچستان

حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ خواتین کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ پر یقین رکھتی ہے

کوئٹہ (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ان کی حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ خواتین کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ پر یقین رکھتی ہے خواتین کو کام کرنے کے بہتر اور محفوظ ماحول کی فراہمی اور گھریلو تشدد کے خاتمے کیلئے قانون سازی کا عمل جاری ہے جس کی تکمیل سے خواتین کو مثبت تبدیلی کا احساس ہوگا۔ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کئے گئے اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ خواتین ہمارے معاشرے کا نصف سے زائد ہیں لہذا سماجی اور معاشی ترقی کے عمل میں ان کی بھرپور شرکت ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کھیل کاروبار سیاست ،صحافت اور دیگر شعبوں میں خواتین کی تعداد میں بتدریج ہوتا ہوا اضافہ ایک مثبت تبدیلی کا مظہر ہے جو ثابت کرتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواتین چادر اور چاردیواری کے تقدس کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو سماجی ترقی اور اپنے خاندانوں کی معاشی خوشحالی کیلئے بروئے کار لارہی ہیں۔ حکومت ہر ہر قدم پر ان کی سرپرستی اور رہنمائی جاری رکھے گی ہمیں دنیا پر ثابت کرنا ہے کہ پاکستان ایک روشن خیال معاشرے کا حامل ملک ہے جو حقوق نسواں کے تحفظ کا علمبردار بھی ہے اور جہاں خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع بھی دستیاب ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ایک پڑھی لکھی اور خواندہ ماں ہی ایک پڑھے لکھے علم و ہنر سے آراستہ معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ ان کی خواہش اور کوشش ہے کہ بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے آنے والی نسلوں کو ایک ایسی ماں کی آغوش فراہم کی جاسکی جو اپنے بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کی اہلیت رکھتی ہو۔