خبرنامہ بلوچستان

حکومت ماحول کی بہتری کے لیےکام کررہی ہے:عبیداللہ جان

کوئٹہ:(اے پی پی)صوبائی مشیر برائے ماحولیات ، جنگلات و جنگلی حیات عبیداللہ جان بابت نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت ماحول کی بہتری کے حوالے سے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اس حوالے سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ماحولیات کے حوالے سے آگاہی کا فقدان ہے، اگر ہم اپنے گرد کے ماحول پر توجہ مرکوز کریں اور اس کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اپنے ماحول کو بہتر نہ بناسکیں ،انہوں نے کہا کہ ماحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے جہاں شجر کاری ضروری ہے وہیں اس کی حفاظت پر توجہ دی جانی چاہئے ۔انہوں کہا کہ ماحولیات کے آگاہی کے لیے سمینارز منعقد کئے جائیں تاکہ اس حوالے سے عام آدمی کو آگاہی مل سکے ، انہوں نے بتایا کہ آئندہ دو ماہ میں بلوچستان ماحولیات ٹریبونل باقاعدگی سے کام شروع کردے گا۔