خبرنامہ بلوچستان

حکومت پتھروں اورزیورات کےکاروبارکوبلوچستان میں انڈسٹری کا درجہ دے: راحیلہ درانی

کوئٹہ: (اے پی پی) سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہاہے کہ قیمتی پتھروں کا کاروبار بین الاقوامی معیشت میں اربوں ڈالر کا حجم رکھتاہے، قیمتی پتھروں اور زیورات کی ڈیزائننگ بناوٹ اور اس کی درآمد اور برآمد سے متعلق کاروبار کو فروغ دینے سے لاکھوں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جاسکتا ہے۔ََ خواتین کی بڑی تعداد گھر بیٹھے زیورات کی ڈیزائننگ کے کام سے باعزت روزگار حاصل کرسکتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی وفاقی وزارت پیداوار کے زیر اہتمام سرٹیفیکیٹس کی تقسیم کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس تقریب میں دیگر اہم شخصیات ، بشمول چیئرمین پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی عبدالرزاق ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی جی جے ڈی سی بختیار خان ، وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی رخسانہ جبین ، رکن بلوچستان اسمبلی معصومہ حیات ، پرنسپل پاکستان جیمز اینڈ جیولری ٹریننگ اینڈ مینو فیکچرنگ سینٹر کوئٹہ سید بشیر آغا ، سینئر جیمالوجسٹ جلیل احمد بڑیچ ، چیئرپرسن بلوچستان وومن بزنس ایسوسی ایشن محترمہ ثناء درانی ، چیئرمین جیالوجی ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی آف بلوچستان ایوب بلوچ، نیوٹیک کے افسران شاہد بلال اور ایوب سمالانی ، صرافہ ایسوسی ایشن کوئٹہ کے صدر احسان دوتانی ، سمیڈا کے صوبائی ڈائریکٹر عبدالشکور بلوچ ، ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کے آفیسرتاج محمد ، انجمن تاجران بلوچستان کے رہنما سید تاج آغا اور عبدالرحیم کاکڑ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ پاکستان خصوصاََ بلوچستان صوبہ قدرتی وسائل بشمول قیمتی پتھروں سے مالامال ہے انہوں نے کہا کہ قیمتی پتھروں اور زیورات کے کاروبار کو فروغ دینے سے ہم روزگارکے ہزاروں مواقع پیدا کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے درخواست کی کہ وہ بلوچستان میں قیمتی پتھروں اور زیورات کے کاروبار کو سرکاری سطح پر انڈسٹری کا درجہ دے اور اس شعبہ کو سرکاری طور پر وہ تمام سہولیات مہیا کی جائیں جو انڈسٹری کو دی جاتی ہیں ۔انہوں نے خواتین پر زوردیا کہ وہ پاکستان جیمز اینڈ جیولری ٹریننگ اینڈ مینو فیکچرنگ سینٹر میں جیولری ڈیزائننگ اور قیمتی پتھروں کے حوالے سے تربیتی کورس حاصل کریں جس سے وہ گھر بیٹھے باعزت طریقے سے اپنا روزگار کما سکتی ہیں ۔ چیئرمین پی جی جے ڈی سی عبدالرزاق نے کہا کہ جیمز اور جیولری کے کاروبارمیں بہت بڑاسکوپ ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان جیمز اینڈ جیولری ٹریننگ اینڈ مینو فیکچرنگ سینٹر سے اپنا تربیتی کورس مکمل کرنے کے بعد نوجوانوں کو نوکری کی تلاش کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ وہ قلیل سرمائے سے اپنا ذاتی کاروبار شروع کرسکتے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی جی جے ڈی سی بختیار خان نے کہا کہ بین الاقوامی کاروبار اور معیشت میں قیمتی پتھروں اور زیورات کے کاروبار کو خاص حیثیت حاصل ہے بعد میں پی جی جے ٹی ایم سی کوئٹہ میں اپنے تربیتی کورس مکمل کرنے والے طلباء کے درمیان سرٹیفکیٹس تقسیم کیئے گئے۔