خبرنامہ بلوچستان

خالد لانگو چودہ روزہ ریمانڈ پرنیب کےحوالے

کوئٹہ: (اے پی پی) سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کو مزید چودہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا جبکہ اشرف مگسی کیس میں گواہان کی عدم پیشی پر عدالت نے گواہان کو نوٹسز جاری کر دیئے ۔ سابق مشیر خزانہ بلوچستان خالد لانگو کو 28 روزہ ریمانڈ پورا ہونے پر احتساب عدالت کے جج مجید ناصر کے سامنے پیش کیا گیا ۔ خالد لانگو کی پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ، خالد لانگو کے وکیل باز محمد کاکڑ نے عدالت کو بتایا کہ کیس کو بلا جواز طول دیا جا رہا ہے ، تفتیش جلد مکمل کی جائے ۔ تفتیشی آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سلیم شاہ کی گرفتاری کے بعد مزید انکشافات ہوئے ہیں ۔ خالد لانگو سے مزید تحقیقات کے لیے ریمانڈ دیا جائے ۔ عدالت نے نیب کی استدعا پر تیسری بار خالد لانگو کو 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ۔ دوسری جانب چیئرمین پبلک سروس کمیشن اشرف مگسی کا بھی 14 روزہ ریمانڈ پورا ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا تاہم استغاثہ کے گواہ نہ ہونے کی وجہ سے کارروائی نہیں ہو سکی ۔ عدالت نے گواہان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 30جون تک ملتوی کر دی ۔