خبرنامہ بلوچستان

خواجہ آصف کی ملک عبدالقادر مرحوم کے گھر آمد، لواحقین سے اظہار تعزیت

سیالکوٹ ۔23اکتوبر(ملت + اے پی پی)وفاقی وزیر دفاع ، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر ملک عبدالقادر مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فضل قادر روڈ سیالکوٹ کینٹ میں آمد،اجتماعی دعا میں شرکت کی ۔اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اکرام ، چوہدری طارق سبحانی ،رکن قومی اسمبلی افتخار الحسن المعروف ظاہرے شاہ ، صاحبزادہ حامد رضا ، چوہدری توحید اختر،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداران ، تاجروں ، وکلا ، صنعتکاروں ،انتظامی آفسران سمیت شہر اقبال کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ خواجہ محمد آصف نے اس موقعہ پر کہا کہ ڈاکٹر ملک عبدالقادر مرحوم خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے عظیم سپاہی تھے انہوں نے پارٹی کے لئے ناقابل فراموش خدمات سر انجام دی ہیں۔ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکتا ۔ قبل ازیں وفاقی وزیر دفاع ، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں سے گفتگوکے دوران کہا ہے کہ 2نومبر کو عمران خان اپناآخری شو کر لیں ۔جیت انشاء اللہ جمہوریت کی ہو گی ۔ خان صاحب سیاستدان نہیں ان کی سیاست سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ حکومت ملک میں ترقیاتی کاموں کو فروغ دے رہی ہے اور وزیر اعظم محمد نوا زشریف کی قیادت میں ملک خوشحال ہو رہا ہے ۔عمران خان کو ملک میں کرپشن نظر آتی ہے مگر دائیں بائیں جن کی جیبوں میں ان کا ہاتھ ہے ان کی کرپشن نظر نہیں آتی ۔خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ عمران خان نے مسقط میں اپنے بورڈ ممبر امتیاز حیدر کے نام زمین خریدی اس کا حساب دیں۔خان صاحب نے2007میں شوکت خانم کی خیرات کا پیسہ بیرون ملک انوسٹ کیا ۔ میں اس کا حساب مانگتا ہوں۔ یہ دوسروں کو چور ڈاکو کا لقب دیتے ہیں جبکہ خود جیب کتروں والے کام کرتے ہیں ۔خان صاحب نے اپنے ادارے کا نام اپنی والدہ کے نام پر رکھا کم از کم والدہ کے نام کی ہی عزت کر لیتے ۔