خبرنامہ بلوچستان

خوشگوار ،کامیاب زندگی کیلئے اچھی صحت ناگزیر ہے

کوئٹہ (ملت آن لائن + آئی این پی) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے صحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ خوشگوار اور کامیاب زندگی بسر کرنے کے لئے اچھی صحت ناگزیر ہے کیونکہ انسانی عمر کے ہر حصہ میں جسمانی وذہنی تندرستی کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں رہنے والے لوگوں تندرستی اور صحت مندی ہی متوازن معاشرتی زندگی کی ضمانت ہے۔ بلوچستان پاکستان کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ پسماندگی اور غربت کا شکار ہے۔ آج بھی بلوچستان کے دورافتادہ ژوب تا گوادر کئی علاقوں میں عوام بھرپور غذائیت کے حصول سے محروم ہیں۔ عوام کو فوڈ سیکیورٹی فراہم کرنے، عورتوں میں شرح اموات پر قابو پانے اور زچہ بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کے لئے ملکی اوربین الاقوامی اداروں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں جمعرات کو عالمی یوم صحت کے حوالے سے پیغام دیتے ہوئے کہا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے عوام کو صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی اور کئی مہلک بیماریوں کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں تاہم ہمیں سرکاری ہسپتالوں اور صحت عامہ سے متعلق دیگر اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند مستقبل کی راہ ہموار کرنے کی مناسبت سے وزیراعظم پاکستان نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام کا آغاز ایک اچھی پیشرفت ہے اور اس اہم پروگرام پر عملدرآمد سے بلوچستان کے تمام اضلاع بالخصوص زیادہ پسماندہ علاقوں میں غریب اور مستحق افراد کو مفت اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی جاندار قومی اقدار وروایات ہیں جو ہمیں مختلف جسمانی، نفسیاتی اور سماجی برائیوں سے محفوظ رکھ سکتی ہیں۔ ہمیں اپنی جاندار قومی اقدار کی پاسداری کرنے کے علاوہ ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور عوام کو سیروتفریح کی سہولت فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ صحت وتندرستی کی اہمیت کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ ایک صحت مند انسا ن ہی بھرپور زندگی اور معروضی حالات کو بہتر سمجھ سکتا ہے اور اپنے مثبت وتعمیری فکر وعمل سے زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کی شدت کم کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں صحت وتندرستی کے حوالے سے ایک خصوصی عوامی بیداری مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے معاشرے کے فعال حصوں خاص طور سے منتخب نمائندوں، علماء و مشائخ اور میڈیا اپنا فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ آئیے آج ہم ہر قسم کی فکری وماحولیاتی آلودگی سے پاک صحت مند ماحول تشکیل دینے کا عہد کریں جو ہماری سرخروئی اور صحت مندی کا ذریعہ بنے گا۔