خبرنامہ بلوچستان

دکی ‘سبزی منڈی میں دکانوں کی الاٹمنٹ میں ناانصافیاں،محکمہ زراعت کے افسران دیانت داری کامظاہر ہ کریں

کوئٹہ (ملت آن لائن + آئی این پی) جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہا ہے کہ دکی سبزی منڈی میں دکانوں کی الاٹمنٹ میں ناانصافی وغیر متعلقہ افراد کو دینے سے حالات خراب ہوسکتے ہیں محکمہ زراعت کے افسران دیانت داری کامظاہر ہ کرتے ہوئے عدل وانصاف کا مظاہرہ کریں ہر پراجیکٹ کو متنازعہ ،غیرمنصفانہ واقرباء پروری کے حوالے کرنادانشمندی نہیں۔ اداروں کی ملی بھگت ناانصافی اورگٹھ جوڑ واقرباء پروری سے اکثر دنیا میں بھی مسائل وپریشانی پیدا ہوتی ہے آخرت تو ویسے بھی خراب ترہوجاتی ہے۔جماعت اسلامی عدل وانصاف کے قیام کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ہم مظلوم کیساتھ اورظلم کے خلاف ہیں ۔انصاف پر مبنی اسلامی معاشرے ودیانت دار لوگوں کی حکومت سے عوام کی پریشانی میں کمی یقینی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں آئے ہوئے لورالائی سبزی منڈی زمینداران یونین کے صدر فیروزخان اتمانخیل سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کہی انہوں نے دکی سبزی منڈی میں دکانوں کی الاٹمنٹ میں ناانصافیوں ،غیر متعلقہ لوگوں کو دینے ،محکمہ کے آفیسران کی جانبداری وزیادتی اورناانصافی سے مولانا عبدالحق ہاشمی کو آگاہ کیا مولانا عبدالحق ہاشمی نے ہر قسم کے تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک میں ظلم وجبر رشوت وکرپشن ،موروثیت واقرباء پروری کے خلاف میرٹ عدل وانصاف کے اسلامی معاشرے وحکومت کے قیام کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔عالمی استعماری طاقتوں کی غلامی سے بچنے کا واحد راستہ امت کا اتحاد ہے۔ دشمن طاقتوں نے شام ،برما، عراق کی طرح پاکستان کو بھی غیر مستحکم کرنے کی کوششیں شروع کررکھی ہیں۔ دیانت دار غیرت مند قیادت کے ذریعے اسلامی حکومت وقت کی اہم ضرورت ہے ۔سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے ملک میں کرپشن کا کینسر ہر ادارے میں موجود ہے ، ایک دیانتدار اور ایماندار حکومت ہی ان اداروں کو ٹھیک کرسکتی ہے۔ کرپٹ حکومت کی وجہ سے تمام ادارے ناکام ہیں۔ قوم پائی پائی کا حساب چاہتی ہے۔ سودی وکرپٹ نظام کی وجہ سے ملک کی معیشت کھوکھلی ہوچکی ہے اور ملک کا بچہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا مقروض ہے پانامہ زدہ کرپٹ حکمرانوں نے ملک میں لوٹ مار مچارکھی ہے ملک کو قرضوں پر چلانا دانشمندی نہیں قرض لینا کوئی بڑی کامیابی نہیں بلکہ عوام کی معاشی حالت بہتر بنانا اور انہیں بنیادی انسانی ضروریات مہیا کرنا بڑی کامیابی ہے۔ ملکی کے بڑے ادارے کرپشن کی وجہ سے تباہی کا شکار ہیں ہم ملک کو اسلامی اوربلوچستان کو خوشحال بنانا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں ملک کی عدالتوں میں فیصلے قرآن کے مطابق ہوں سیکولر قوتوں کو شکست دینے کیلئے عوام صالح دین دار قوتوں کا ساتھ دیں تاکہ تاکہ ملک میں اسلامی نظام نافذ کیا جائیں۔