خبرنامہ بلوچستان

روایتی خوبصورتی کی بحالی کے لیے کام تیزی سے جاری ہے: ڈپٹی میئر

کوئٹہ۔17اگست ( اے پی پی ) ڈپٹی میئر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن محمد یونس بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے دیگر شہروں کی طرح کوئٹہ میں بھی صفائی کی خصوصی مہم تیزی سے جاری ہے، عوام کو جلد صاف ستھرے شہر کا تحفہ دیں گے۔یہ بات انہوں نے ’’اے پی پی‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کو صاف ستھرا بنانے اور اس کی روایتی خوبصورتی کی بحالی کیلئے کارپوریشن کا عملہ شہر کے مختلف علاقوں میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کی نگرانی میں دن رات کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عرصہ کا پڑا کچرہ تلف کیا جارہا ہے جبکہ نالیوں گلیوں کی صفائی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی میئر نے کہا کہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر خوبصورت ایل ای ڈی لائیٹس نصب کی جارہی ہیں اور کوئٹہ شہر کی شکل تیزی سے بدل رہی ہے۔انہوں نے کوئٹہ کے شہریوں اور خاص طور سے دکانداروں سے اپیل کی کہ اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کی کوششوں میں بھر پور تعاون کریں۔ انہو ں نے کہا کہ ہم سب کا شہر ہے اور سب ملکر ہی اس کا کھویا ہوا حسن بحال کر سکتے ہیں اور اسے صاف ستھرا رکھ سکتے ہیں۔