خبرنامہ بلوچستان

سانحہ گڈانی کو ایک سال گزر گیا

سانحہ گڈانی کو ایک سال گزر گیا

حب: (ملت آن لائن)سانحہ گڈانی کو رونما ہوئے ایک سال بیت گیا ،شہدا کے لواحقین کو حکومتی امداد ملا نہ ہی حکومتی وشپ بریکرز کی غفلت کے باعث لیبر لا کا اطلاق ہوا اور مزدوروں کی تحفظ کے لئے اقدامات اٹھائے گئے۔بلوچستان کے ساحل گڈانی پر واقع پاکستان شپ بریکنگ یارڈ میں ناکارہ جہاز میں لگی آگ کو آج ایک سال بیت گیا، سانحہ گڈانی میں کام کے دوران آگ جلنے کے باعث جہاز میں کام کرنے والے 29 مزدور جھلس کر شہید اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ سانحہ گڈانی پر حکومتی عہدیداروں، پارلیمنٹیرینز، اور سیاستدان و مزدور یونینز نے دورے کرکے اخبار و ٹی وی اسکرین کی زینت تو بن گئے، حکومتی اداروں اور زمہ داروں نے دعوے بھی کئے مگر افسوس کہ آج ایک سال گزرنے کے باوجود نہ ہی حکومت کی جانب سے شہدا اور زخمیوں کے لئے امداد کا اعلان کیا گیا۔ جبکہ دوسری جانب اس عبرتناک واقعے سے سبق لیتے ہوئے حکومتی اداروں نے لیبر قوانین پر عملدرآمد کرایا، جبکہ مزدوروں کے خون پسینے کے بدلے سالانہ اربوں روپے کمانے والے شپ بریکرز نے مزدوروں کو کام کے دوران تحفظ، صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات دینے کو اپنی ذمہ داری سمجھا، آج شہدا کی پہلی برسی پر لیبر یونین نے احتجاجی ریلی نکالی ان کا مطالبہ تھا کہ شپ بریکنگ میں لیبر قوانین لاگو کرکے مزدوروں کو تحفظ اور حقوق دیئے جائیں بنیادی سہولیات فراہم کرکے ٹھیکیداری نظام کا خاتمہ کیا جائیں۔