خبرنامہ بلوچستان

سرکاری ملازم عید کی چھٹیوں پر روانہ ، دفاتر ویران ہوگئے

کوئٹہ(آئی این پی) سرکاری دفاتر میں عید کی تعطیلات (آج) منگل سے شروع ہونگی مگر سرکاری ملازمین پیر کو ہی دفاتر کو تالے لگا کر عید کی چھٹیوں پر چلے گئے،باقی ماندہ سرکاری دفاتر میں بھی حاضری معمول سے کم رہی۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے سرکاری دفاتر میں حکومت کی طرف سے کئے گئے اعلان کے مطابق عید الفطر کی چھٹیاں 5سے 8جولائی تک ہونا تھیں تاہم سرکاری ملازمین پیر کے روز ہی عید کی چھٹیوں پر غائب ہو گئے اور دفاتر کو تالے لگا دیئے۔ بلوچستان کے سول سیکرٹریٹ ، محکمہ تعلیم ، زراعت ، لائیو سٹاک ، سی اینڈ ڈبلیو سمیت تمام محکموں میں عید سے قبل عید منانے والوں میں صرف کلرک اور درجہ چہارم کے ملازمین ہی شامل نہیں بلکہ اعلیٰ افسران نے بھی اپنی یہ روایت برقرار رکھی اور پیر کو کہیں دکھائی نہ دیئے،دفاتر کے باہر سائلین ہاتھوں میں اہم دستاویزات تھانے خوار ہوتے رہے۔(اح)