خبرنامہ بلوچستان

سول ہسپتال میں ہونیوالاخودکش دھماکہ کوئٹہ شہرکیلئےنہیں ملکی سانحہ ہے:تحریک انصاف

کوئٹہ (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اورسابق گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور نے کہاہے کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں ہونیوالا خودکش بم دھماکہ صوبے اور کوئٹہ شہر کیلئے نہیں بلکہ ملکی سانحہ ہے ،وکلاء اور صحافت سے وابستہ افراد نے عدلیہ کی آزادی اورجمہوریت کے استحکام کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں ،بلوچستان کے مسائل اورمحرومیوں کااحساس ہے جس پر کسی اور موقع پر بات کرونگا ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں شہید صحافیوں محمود خان ہمدرد اور شہزاد خان کی فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل انہوں نے دونوں شہداء کی درجات بلندی کیلئے دعا بھی کی ۔میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری محمدسرور کاکہناتھاکہ ہمارا کوئٹہ آنے کامقصد شہید وکلاء ،صحافیوں اور سول سوسائٹی کے افراد کے لواحقین کیساتھ اظہار یکجہتی کرناتھا سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ یا بلوچستان کا نہیں بلکہ یہ قومی سانحہ ہے اس وقت بلوچستان کیساتھ پنجاب،سندھ اورخیبر پشتونخوا کا ہر فرد دکھی ہے ،انہوں نے کہاکہ وکلاء اورصحافت سے وابستہ افراد نے عدلیہ کی آزادی ،دہشت گردی کے خاتمے اور جمہوریت کے استحکام کیلئے ہمیشہ لازوال قربانیاں دی ہے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے شہید ہونیوالے نجی ٹی وی چینلز کے کیمرہ مینوں شہزاد خان اورمحمود خان ہمدرد کی اہلخانہ سے بھی ہمدردی اورتعزیت کااظہار کیا انہوں نے کہاکہ میں بحیثیت گورنر یہاں آیاتھا مجھے بلوچستان کی عوام کو درپیش مسائل اوران کی محرومیوں کا بخوبی ادراک ہے تاہم یہ موقع ان پر بات کرنے کا نہیں ہے انہوں نے کہاکہ خودکش بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کیساتھ اظہار ہمدردی کیلئے ان کے گھر بھی جائیں گے ۔