خبرنامہ بلوچستان

سول ہسپتال کوئٹہ پرحملہ پورے پاکستان پرحملہ ہے: سراج الحق

کوئٹہ: (اے پی پی) کوئٹہ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سراج الحق کا کہنا تھا کہ بلوچستان ایک غریب صوبہ ہے یہاں لوگ بڑی مشکل سے تعلیم حاصل کر کے کسی مقام پر پہنچتے ہیں، ایسے حالات میں ایک پڑھے لکھے طبقے کو نشانہ بنانا بہت بڑا نقصان ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جن ظالموں نے ہمارے لوگوں کے لئے اپنا ہی گھر مقتل بنا دیا ہے، وہ اللہ کے عذاب سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ لمحہ نہیں جب ہم ایک دوسرے پر الزامات لگائیں بلکہ ہمیں سیاست اور نظریات سے بالاتر ہو کر امن قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، سب سے پہلے یہاں کے لوگوں کے احساس محرومی کو ختم کرنا ہو گا، ان کے مانگے بغیر ان کو وسائل دینے ہونگے مگر افسوس ہے کہ یہاں کے لوگوں کو لاشوں کا تحفہ مل رہا ہے، تمام سیاسی جماعتوں، صحافیوں اور دیگر لوگوں کو مل کر ایک روڈ میپ بنانا ہو گا تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوں۔ جماعت اسلامی کے امیر نے سانحہ سول ہسپتال میں شہید ہونے والے کیمرہ مین شہزاد اور محمود کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔