خبرنامہ بلوچستان

سپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ درانی سے وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی ڈاکٹر جاوید اقبال کی ملاقات

کوئٹہ (ملت آن لائن + آئی این پی) سپیکر صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی سے وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی ڈاکٹر جاوید اقبال نے جمعہ کے روز یہاں ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال ، رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ خان زیرے، رکن صوبائی اسمبلی محترمہ یاسمین لہڑی، سیکرٹری صوبائی اسمبلی رحمت اللہ جتک ودیگر حکام موجود تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے اراکین اسمبلی کی جانب سے پوائنٹ آف آرڈر پر جامعہ بلوچستان کی فیسوں میں اضافہ اور یوینورسٹی کے دیگر معاملات پر اٹھائے گئے اعتراضات کی وضاحت پیش کی اور جامعہ بلوچستان کے فیس اسٹریکچر کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا۔