خبرنامہ بلوچستان

سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشتگرد گرفتار

حب: (ملت+اے پی پی) فرنٹئیر کور کے ترجمان کے مطابق، ایف سی اور حساس ادارے نے حب کے علاقے سکران روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے سنگین وارداتوں میں مطلوب 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ حراست میں لئے جانیوالے ملزمان پولیو ٹیموں اور سکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ بلوچستان کے علاقے مند میں ایف سی اور حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق، فرنٹیئر کور اور حساس ادارے نے مند کے علاقے مہیر میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے زیراستعمال رہنے والے ٹھکانے سے 3 عدد آر پی جی، 7 گولے، ایک عدد ایل ایم جی، 3 رائفلیں، بارودی سرنگیں تیار کرنے کے اوزار، 150 کلو گرام افیون، نشہ آور انجکشن، بارود اور تخریبی مواد قبضے میں لیا گیا۔