خبرنامہ بلوچستان

سیکورٹی فورسزاورشہریوں کی قربانیاں رائیگا ں نہیں جائیں گی: کمانڈنٹ بلوچستان

کوئٹہ: (اے پی پی) کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری ڈاکٹر مجیب الرحمن نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لئے سیکورٹی فورسز اور شہریوں کی قربانیاں رائیگا ں نہیں جائیں گی،بی سی کے جوان اپنے ساتھیوں کی قربانیوں کے باوجود پر عزم ہیں ،ان خیالات کا اظہا را نہوں نے ریجنل ٹریننگ سینٹر قاسم لائن کوئٹہ میں پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پرنسپل آرٹی سی منظور احمد بنگلزئی نے سپاسنامہ پیش کیا،کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری نے کہا کہ بی سی کے جوانوں نے خصوصی حالات کے ساتھ ساتھ عمومی حالات میں بھی دیگر سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ خدمات سرانجام دیکر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا یا ہے اور پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران کئی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تاہم انتہائی مشکل حالات میں بھی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں جوانوں نے قیام امن کے لیے اپنی خدمات کے تسلسل کو جاری رکھا،انہوں نے کہا کہ جدید پیشہ وارانہ تربیت ،وسائل کی فراہمی اور جوانوں کی محنت ولگن سے آج بی سی فورس محض ایک ریزرو فورس نہیں رہی بلکہ ایک فعال ومتحرک فورس کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے ،کمانڈنٹ بی سی نے پاسنگ آوٹ میں فارغ ہونے مختلف کیڈر کے آفیسران اور اہلکاران پر زور دیا کہ وہ تربیتی عمل سے فارغ ہوکر پہلے سے بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں تاکہ فورس کے مورال کی بلندی کے لئے ہونے والے اقدامات کو معاشرے میں عملی تقویت حاصل ہوسکے ۔کمانڈنٹ بی سی نے آر ٹی سی قاسم لائن میں ایمبولینس ،طبی سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر نشاندہی کردہ مسائل فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اس سے قبل آر ٹی سی پہنچنے پر کمانڈنٹ بی سی کو فورس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔