خبرنامہ بلوچستان

سیکیورٹی خدشات: کوئٹہ میں تمام تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند

کوئٹہ(ملت + آئی این پی) محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت کے تمام تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کے لیے بند کردیا گیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہمخصوص تعلیمی اداروں کو دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ اس لئے تمام تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں ایک ہفتے کیلئے معطل کردی جائیں۔ڈی ای او کوئٹہ کی جانب سے تعلیمی اداروں کو بھجوائے گئے مراسلے میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر اسکولوں کی سیکیورٹی ناگزیر ہے، اس لئے اسکولوں کی حفاظت پر مامور اہلکار اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور بغیر شناخت کسی بھی شخص کو اسکول میں داخل نہ ہونے دیا جائے،اسکول میں داخل ہونے کے بعد کسی بھی طالب علم کو باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے۔دوسری جانب کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن نے بھی تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا اعلان کردیا جبکہ آئی ٹی ، اور ویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ کے مطابق تدریسی عمل کو جزوی معطل کردیا گیا ۔