خبرنامہ بلوچستان

صحت کی بہترسہولیات کے لئےعملدرآمد جاری ہے: عبدالقادربلوچ

کوئٹہ(اے پی پی )وفاقی وزیر سرحدی و ریاستی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے گیٹ وے گوادر میں ایک ارب روپے کی خطیر رقم سے گوادر کے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے پاک چین ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایاجارہاہے جبکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے گوادر میں چھ ارب روپے کے لاگت سے 50بستروں کے ہسپتال کو300 بستروں تک اپ گریڈ کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد جاری ہے۔ یہ بات انہوں نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہی‘ وفاقی وزیر سرحدی و ریاستی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ 46ارب ڈالرز کا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پاکستان کا روشن مستقبل ہے جس سے پوری طرح استفادہ حاصل کرنے کیلئے حکومت نے جامع منصوبہ بندی کی ہے تاکہ اقتصادی راہداری منصوبے کے تمام مواقع سے پوری طرح فائدہ اٹھاکر معیشت کے استحکام کے ساتھ ساتھ عوام کا معیار زندگی بلند ہو اور ترقی کے عمل میں عوام کو شراکت دار بنایاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر شہر میں ترقیاتی کاموں اور بنیادی انفراسٹر کچر کی تعمیر گوادر میں ایکسپورٹ پراسسنگ زون اتھارٹی و گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے 3.45ارب روپے کا تخمینہ لگایاگیاہے اور گوادر میں پانی کمی کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کے علاوہ پانی کے دیگر منصوبوں کیلئے 12 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ وفاقی حکومت کے تعاون سے گوادر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹیکسز اور ڈیوٹیز پر چھوٹ دینے جیسے اقدامات سے غیر ملکی سرمایہ کار بلوچستان باالخصوص گوادر میں آکر بھرپور انداز میں سرمایہ کاری کرینگے ۔وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین پاکستان کا بااعتماد ہمسایہ ملک ہے دونوں ممالک کے مابین باہمی اسٹرٹیجک معاشی ثقافتی اور سماجی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور پاک چین دوستی ہر آزمائش اور امتحان پر پوری اتری ہے اور ہر آنے والے دن میں دونوں برادر ممالک میں اضافہ بھی ہوتا چلا جارہا ہے ۔