خبرنامہ بلوچستان

صوبے میں 95فیصد امن قائم ہوچکا ہے، نواب ثناء اللہ زہری

کوئٹہ:(اے پی پی) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ صوبے میں امن وامان قائم ہوچکا ہے دہشت پھیلنے والے عناصر قومی دھارے میں شامل ہوجائیں بصورت دیگر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ کوئٹہ میں پنجاب سے آئے ہوئے طلباء وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایک عرصے تک ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کے ذریعے بے گناہ افراد کو شہید کیا گیالیکن ہماری فورسز نے دہشتگردوں کو ٹھکانے لگا دیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ صوبے میں 95فیصد امن قائم ہوچکا ہے باقی پانچ فیصد دہشتگردوں باقی ہیں انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے گاانہوں نے کہا کہ بلوچستان تعلیم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور ہمارا مقصد بھی تعلیم یافتہ بلوچستان ہے۔تقریب میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ، کمانڈر سدرن کمانڈ لفٹنٹ جنرل عامر ریاض ، آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن کے علاوہ فوجی اور سول افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، تقریب کے آخر میں طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے گئے۔