خبرنامہ بلوچستان

طلباء ملک کا اثاثہ ہیں؛ ڈائر یکٹر نیب بلوچستان

طلباء ملک کا اثاثہ ہیں؛ ڈائر یکٹر نیب بلوچستان
کو ئٹہ: (ملت آن لائن) ایڈیشنل ڈائر یکٹر نیب بلوچستان سید محمد آفاق نے کہا ہے کہ طلباء ملک کا اثاثہ ہیں جنکی صحیح خطوط پر رہنمائی اورذہن سازی مستحکم اور کرپشن فری معاشرے کے لئے مضبوط بنیادیں فراہم کر سکتی ہے، طلباء کی مدد سے معاشرے میں کرپشن کے خلاف نفرت پیدا کر کے بد عنوانی کے عفریت کے سامنے بند باندھا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہو ں نے بدھ کو نیب کے زیر اہتمام بین الجامعاتی تقریر ی مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریری مقابلے میں بلوچستان یونیورسٹی،خضدار یونیورسٹی ، بلوچستان آئی ٹی یونیورسٹی ، الحمد یو نیورسٹی ، نمل یونیورسٹی، تربت یونیورسٹی اور سردار بہادر خان یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب بلوچستان نے مقابلوں میں شریک طلباء و طالبات کے کرپشن کے خلاف جذبات اور تقریری مقابلوں کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ طلباء و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لئے تعمیری اور مثبت سرگرمیوں کی صورت مواقع فراہم کئے جائیں،انہوں نے کہا کہ معاشرے کے دیگر طبقات کے ساتھ ساتھ ہماری نئی نسل کو بھی ملکی تعمیر و ترقی اور کرپشن جیسی بیماریوں کے سدباب کے لئے اپنی خدمات پیش کرنا ہو ں گی،سید محمد آفاق نے شرکاء کو کرپشن کے تدارک کے لئے نیب کی کاوشوں، قوانین اورفقید المثا ل کامیابیوں سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا، انہوں نے کہا قومی احتساب بیورو ملک سے کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے ،بین الجامعاتی مقابلوں میں نمل یونیورسٹی کے قاضی اسفند یار نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ بیوٹمز یونیورسٹی کے وکیل کاکڑ اور الحمد یونیورسٹی کے سید علی محمد شاہ نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔