خبرنامہ بلوچستان

طورخم بارڈرپرپیش آنےوالاواقعہ اندوہناک ہے،عبدالقادر

کوئٹہ : (اے پی پی ) وفاقی وزیرسیفران جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ نے کوئٹہ میں نیچاری امام بارگاہ جاکر گزشتہ روز طور خم سرحد پر افغان فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے میجرعلی جواد چنگیزی کے اہلخانہ سے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وفاقی حکومت کی طرف سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ پاک افغان سرحدی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور پاکستان کے دفاع کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر پر پیش آنے وا لا واقعہ اندوہناک ہے، پاک فوج کی ایک اورشہادت سرحدوں کے دفاع کیلئے ہوئی جس کو قوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہاکہ پاک افغان سیاسی قیادت پر بھاری ذمہ دار ی عائد ہوتی ہے اگر فوری طورپر مسئلہ حل نہیں کیا تو سنگین صورتحال اختیار کر جائے گا ،ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیرجنرل (ر)عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ پاک چائنااقتصادی راہداری کے بعد صورتحال میں تبدیلی آرہی ہے اور یہ ہمارے دشمنوں کی سازش ہو سکتی ہے لیکن تاحال افغانستان کو ہم نے دشمنوں کی فہرست میں شامل نہیں کیا لیکن ہندوستان کی سازش ضرور ہو سکتی ہے کہ وہ ہمارے ہمسایہ ممالک کے تعلقات کو نقصان پہنچائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج اور سیکورٹی فورسزکے جوانوں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے دفاع کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں۔