خبرنامہ بلوچستان

عوام میں شعور و آگاہی اجاگر کیلئے بلدیاتی نمائندوں کا کردار اہمیت کا حامل ہے،نواب ثناء اﷲ

کوئٹہ۔(اے پی پی) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندے امن وامان کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات میں موثر کردار ادا کرسکتے ہیں جبکہ اس حوالے سے عوام میں شعور و آگاہی اجاگر کرنے کیلئے بھی بلدیاتی نمائندوں کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ دنوں ڈپٹی مےئر کوئٹہ محمود یونس بلوچ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی مےئر کو ہدایت کی کہ وہ کوئٹہ کے بلدیاتی نمائندوں کا اجلاس طلب کرکے امن وامان کی بہتری کے حوالے سے ان کی تجاویز حاصل کریں جبکہ شہری مسائل کے حل کیلئے بھی ان سے مشاورت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے بلدیاتی نمائندوں اور شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے اگر ہم سب قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور انہیں کسی بھی مشکوک شخص یا اشیاء کے بارے میں بروقت اطلاع دے کر باشعور شہری ہونے کا ثبوت دیں تو دہشت گردی کی کارروائیوں کی روک تھام میں بڑی حد تک مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس انتظامیہ اور ایف سی کی بھی بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس میں شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ سید امتیاز شاہ بھی موجود تھے۔