خبرنامہ بلوچستان

عوام کے مسائل ان کی دہلیزپرحل ہورہے ہیں،آئندہ الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر لڑیں گے:غلام دستگیربادینی

نوشکی:(اے پی پی)رکن صوبائی اسمبلی حاجی میرغلام دستگیربادینی نے کہا ہے کہ عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پوری کررہے ہیں، عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ،آئندہ الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر لڑیں گے ،سابقہ ادوار میں غریب عوام کے ساتھ جو سلوک روا رکھاگیا اسے عوام کسی صورت نہیں بھولیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلی غریب آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن خیربخش بلوچ،فاروق بلوچ،میرعبدالرحمان لانگو،کونسلرمحمداکبرلانگو اورکامریڈجمیل بلوچ نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اور ایم پی اے فنڈزکے ذریعے منظور شدہ ترقیاتی منصوبے موجود ہیں فنڈز کو عوام کی امانت سمجھ کر عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کررہے ہیں ،الیکشن میں عوام نے جمہوری انداز میں اپنی ووٹ کی طاقت سے ان عوامی نمائندوں کو مستردکیاجن کی کارکردگی عوام کے سامنے صفر تھی، انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی ڈھائی سالہ دور میں عوام کے مسائل ان کی دہلیزپرحل ہورہے ہیں، گزشتہ تین سالوں میں نوشکی میں جتنی تعلیم صحت اور قلت آب پر توجہ دی گئی ، 68 سالوں میں کسی نے ان بنیادی مسائل کو حل کرنے کی کوشش تک نہیں کی،انہوں نے کہا کہ نوشکی کے عوام سیاسی شعور رکھتے ہیں آئندہ الیکشن قبائل پرستی،زئی پرستی ،زبان اور علاقہ پرستی کی بنیاد پر نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر ہونگے ۔