خبرنامہ بلوچستان

غیر قانونی شکار کے لیے آئے 4 عرب شہزادے گرفتار

غیر قانونی شکار کے لیے آئے 4 عرب شہزادے گرفتار
کوئٹہ:(ملت آن لائن) پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے نوشکی میں غیر قانونی شکار کرنے پر 4 قطری شہزادوں سمیت 7 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ 30 نومبر کو پاناما کیس میں خط سے شہرت پانے والے قطری شہزادے حماد بن جاسم 13 رکنی وفد کے ساتھ خصوصی طیارے پر لاہور پہنچے تھے۔ قطری وفد نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کی تھی جبکہ ان شہزادوں کا مقصد شکار کرنا بھی تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شکار کی مہم پر نکلے 4 شہزادوں سمیت 7 افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب شہزادوں کا ٹولہ شکار کی تیاری کر رہا تھا۔
فورسز کے مطابق شکاریوں کے پاس موجود سدھائے ہوئے باز بھی ضبط کرلیے گئے ہیں جو پرندوں خاص طور پر تلور کے شکار کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ اس دوران فورسز اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس میں ایک شخص معمولی زخمی ہوا۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ زخمی ہونے والا ملزمان میں سے تھا یا سیکیورٹی فورسز کا کوئی اہلکار۔ قطری شہزادوں کی آمد کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں شکار سے روکنے کے لیے دائر درخواست پر وفاق، سیکریٹری خارجہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 دن میں جواب بھی طلب کیا تھا۔