خبرنامہ بلوچستان

قائد اعظم کے یوم پیدائش پر زیارت ریذیڈنسی میں پرچم کشائی کی تقریب

زیارت: (ملت+اے پی پی) قائد ریزیڈنسی میں بانی پاکستان محمد علی جناح کے یوم ولادت کی مناسب سے ایف سی بلوچستان کی جانب سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ لفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ ژوب سے مکران تک امن کی خوبصورت ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں، بانی پاکستان کے ملک کو بچانے کے لئے عسکری اور سیاسی قیادت سمیت نوجوان نسل کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ملک میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔ تقریب میں طلباء اور طالبات کے علاوہ ملک بھر سے آئے ہوئے لوگوں نے نہ صرف شرکت کی بلکہ قائد سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر مختلف سکولز کے سٹوڈنٹس نے ملی نغمے گا کر اور ٹیبلو پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ زیارت میں شدید سرد موسم کے باوجود تقریب میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ بلوچستان کے لوگ قائد سے شدید محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔